Time 26 ستمبر ، 2020
پاکستان

کراچی میں ایڈیشنل ایس ایچ او کو شہید کرنے والے گینگ کی شناخت ہوگئی

کراچی میں گذشتہ روز پولیس مقابلے کے دوران شہید ہونے والے ایڈیشنل ایس ایچ او رحیم خان کو شہید کرنے والے گینگ کی شناخت ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق گروہ میں شامل افراد کی تعداد 4 ہے اور ان کے پاس واردات کے وقت ایس ایم جی بھی ہوتی ہے اور ملزمان قانون نافذ کرنے والے اہل کاروں کے حلیے میں ہوتے ہيں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گینگ 2018 میں شارع فیصل، ڈیفنس،کورنگی اور جھیل پارک کے قریب وارداتیں کرچکا ہے، اس گینگ کی نشاندہی جیو نیوز نے 2018 میں  بھی کی تھی۔

ملزمان منی ایکسچینج سے بھاری رقم لے کر نکلنے والے افراد کو لوٹتے ہیں اور انہوں نے تمام وارداتوں میں منی ایکسچینج سے رقم نکلوانے والوں کو ہی نشانہ بنایا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس مقابلے کے دوران ایڈیشنل ایس ایچ  او  رحیم خان ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے۔

ملزمان نے گلستان جوہر سے پہلے فیروز آباد سے ایک گاڑی چوری کی تھی جہاں ان کا پولیس سے مقابلہ بھی ہوا اور  جب ملزمان کو گلستان جوہر میں روکا گیا تو انہوں نے فائرنگ کر دی جس سے ایڈیشنل ایس ایچ او رحیم خان شہید ہوگئے۔

 شہید سب انسپکٹر رحیم خان گلستان جوہر تھانے میں میں ایڈیشنل ایس ایچ او تعینات تھے۔

پولیس کے مطابق ٹریکرکے باعث ملزمان کی چھینی ہوئی سفید کار گلستان جوہر کامران چورنگی پر خراب ہوئی تو ملزمان نے کامران چورنگی پر ایک اور کار چھینی اور فرار ہو گئے۔

حکام کا کہنا ہے ملزمان کی گاڑی کے اندر پولیس کی وردی پہنے ایک شخص بھی موجود تھا جب کہ گاڑی سے ایس ایم جی سے فائرنگ کی گئی تھی۔

مزید خبریں :