پاکستان

کراچی: پولیس مقابلے میں سب انسپکٹر شہید، 4 ملزمان زخمی

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس مقابلے کے دوران سب انسپکٹر شہید ہو گیا جب کہ پولیس کی فائرنگ سے 4 ملزمان زخمی بھی ہوئے۔

پولیس کے مطابق گلستان جوہر میں پولیس انسپکٹر کو شہید کرنے والے ملزمان نے پہلے فیروز آباد سے ایک گاڑی چوری کی جہاں ان کا پولیس سے مقابلہ بھی ہوا۔

حملہ آوروں کی فیروز آباد میں مقابلے کی سی سی ٹی وی ویڈیو جیو نیوز کو موصول ہو گئی ہے، ویڈیو میں ملزمان کا پولیس سے فائرنگ کا تبادلہ دیکھا جا سکتا ہے۔

سی سی ٹی وی میں ملزمان سفید رنگ کی گاڑی سے پولیس پر فائرنگ کرتے دیکھے جا سکتے ہیں، ویڈیو میں ملزمان کو فائرنگ کے بعد فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے جس سفید کار سے فائرنگ کی وہ 2 روز قبل چوری کی گئی تھی، فیروزآباد میں مقابلے کے وقت ملزمان چھینی گئی وائٹ کار میں سوار  تھے، ملزمان کو جب پولیس نے گلستان جوہر میں روکا تو انہوں نے فائرنگ کر دی جس سے ایڈیشنل ایس ایچ او رحیم خان شہید ہو گئے۔

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ ٹریکر کے باعث ملزمان کی چھینی ہوئی سفید کار گلستان جوہر کامران چورنگی پر خراب ہوئی تو ملزمان نے کامران چورنگی پر ایک اور کار چھینی اور فرار ہو گئے۔

کراچی واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو

ملزمان سے ملنے والی گاڑی گزشتہ روز صبح 8 بجے نعمان نامی شخص سے چھینی گئی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چھینی گئی گاڑی جنید بلند نامی شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہے جو میر پور خاص کا رہائشی ہے، اور جنید بلند میرپور خاص میں جرائم پیشہ ریکارڈ کا حامل ہے۔

دوسری جانب جنید بلند نے جیو نیوز کو بتایا کہ دو مہینے پہلے یہ گاڑی فروخت کر دی تھی جس کی فروخت کی تمام رسیدیں موجود ہیں۔

اس نے بتایا کہ گاڑی کراچی کے رہائشی عبدالنعیم نامی شخص کو فروخت کی، میرا اس گاڑی سے اب کوئی تعلق نہیں ہے تاہم کراچی پولیس سے تعاون کے لیے تیار ہوں۔

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ جناح اسپتال میں فائرنگ کا ایک زخمی پہنچا ہے، شبہ ہے کہ زخمی پولیس مقابلے کا ملزم ہے، اسپتال پہنچ رہے ہیں، وہاں پہنچ کر صورتحال واضح ہو گی۔

پولیس کے مطابق اہلکاروں نے ایک مشتبہ گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان فرار ہوگئے، پولیس موبائل نے ملزمان کا پیچھا کیا جس پر ملزمان نے چلتی گاڑی سے فائرنگ کر دی۔ 

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گلستان جوہر پولیس مقابلے میں سب انسپکٹر رحیم خان شہید اور 4 ملزمان زخمی ہوئے، گاڑی سے پولیس پر ایس ایم جی سے فائر ہوئے۔

حکام کا کہنا ہے خیال ہے کہ گاڑی کے اندر پولیس کی وردی پہنے ایک اہلکار موجود ہے، ایس ایم جی سے فائرنگ کرنے والا تربیت یافتہ لگتا ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی نے بتایا کہ شہید سب انسپکٹر رحیم خان گلستان جوہر تھانے میں میں ایڈیشنل ایس ایچ او تعینات تھا۔

مزید خبریں :