وزیر اعلیٰ سندھ نے کاکا پیر سے منوڑہ جانے والی سڑک کا افتتاح کردیا

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں کاکا پیر سے منوڑہ جانے والی سڑک کا افتتاح  کردیا۔

ہاکس بے سینڈز پٹ چورنگی پر تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، ترجمان مرتضیٰ وہاب سمیت پاکستان نیوی کے حکام  نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کاکا پیر سے منوڑہ جانے والی سڑک کا باقائدہ نقاب کشائی کرکے افتتاح کیا۔

کاکا پیر سے منوڑہ تک چھ کلو میٹر طویل اور 28 فٹ چوڑی سڑک تعمیر کی گئی ہے جب کہ سیاحوں کیلئے عوامی بیت الخلا اورپارکنگ کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی گئی کہ سمندر کی تیز لہروں سے بچنے کیلئے حفاظتی دیوار بھی بنائی گئی ہے جب کہ جاگنگ ٹریک پر کام جاری ہے۔

منوڑہ پر ریسٹ ہاؤسز بھی بنائے گئے ہیں اور سڑک کی واکنگ وے تقریباً 9 ایکٹر پر مشتمل ہے۔

تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اس سڑک کی حالت خستہ ہونے کی وجہ سے سیاحت میں کمی آرہی تھی، دیگر اسکیموں پر بھی کام جاری ہے، اس سڑک کی تعمیر پر 45 کروڑ روپے لاگت آئی ہے جب کہ کیماڑی کو ماڈل ضلع بنائیں گے۔

خیال رہے کہ سندھ حکومت نے حال ہی میں کراچی میں ایک اور ضلع کا اضافہ کرتے ہوئے کیماڑی ٹاؤن کو ضلع کا درجہ دیا ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے کیماڑی کو ضلع بنانے کا باضابطہ نوٹفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد کراچی کے اضلاع کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :