پاکستان
Time 01 اکتوبر ، 2020

اسسٹنٹ کمشنر نے ٹمپریچر چیک کرنے پر اسکول سیکیورٹی گارڈ کیخلاف مقدمہ کرادیا

 بورے والا میں اسسٹنٹ کمشنر نے نجی اسکول میں داخلے کے وقت تعارف مانگنے اور ٹیمپریچر چیک کرنے پر سیکیورٹی گارڈ کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔

بورے والا میں اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب نے نجی اسکول میں داخلے کے وقت تعارف مانگنے پر سیکیورٹی گارڈ کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے، ایف آئی آر کے مطابق اسکول گارڈ نے بدتمیزی کی اور کارِ سرکار میں مداخلت کی۔

اس حوالے سے نجی اسکول انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ گارڈ نے اسسٹنٹ کمشنر کا ٹمپریچر چیک کیا اور تعارف پوچھا تو ان کے ساتھ موجود اہلکاروں نے اسے زدوکوب کیا۔

 اس حوالے سے  اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب کا کہنا ہے کہ  اسکول میں کورنا کے حوالے سے ضابطہ کار (ایس او پیز) پر عمل درآمد ہورہا ہے یا نہیں یہ چیک کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، وہ مسلح گارڈز کے ساتھ کلاس رومز میں داخل نہیں ہوئے، شناخت کرانے کے باوجود سیکیورٹی گارڈ نے انہیں روکا اور واپس جاتے ہوئے بھی اُن سے سوالات کیے گئے۔

سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دورے کے موقع پر مسلح گارڈز بھی اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ تھے اور  اسسٹنٹ کمشنر نے اسکول کے گارڈ کو اپنا تعارف کرائے بغیر اندر جانے کی کوشش کی تو اسکول گارڈ کے روکنے پر اسسٹنٹ کمشنر کے گارڈز نے نجی اسکول کے گارڈ کو روک دیا اور اسلحہ سمیت اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ اسکول میں داخل ہوگئے جب کہ واپس جاتے ہوئے گارڈز نے اسکول گارڈ کو دھکے دیے اور زدوکوب کیا۔

دوسری جانب علاقہ مجسٹریٹ نے نجی اسکول کے سیکیورٹی گارڈکی ضمانت منظور کرلی ہے۔

مزید خبریں :