Time 08 اکتوبر ، 2020
پاکستان

نواز شریف کا نام امیگریشن ریکارڈ میں مفرور اشتہاری کے طور پر شامل کیا جائے، نیب

قومی احتساب بیورو (نیب) نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو خط لکھ کر کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے اشتہاری ہونے کا ریکارڈ امیگریشن سسٹم میں درج کیا جائے۔

نیب راولپنڈی کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو خط لکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نیب نے لاہور پولیس کو بھی مراسلہ بھیجا ہے اور کہا ہے کہ نوازشریف کی طلبی کا اشتہار ہر  تھانے میں اُن کی تصویر کے ساتھ لگایا جائے، رائے ونڈ محل کے باہر بھی اشتہار چسپاں کیا جائے، متعلقہ تھانے میں بھی وارنٹ گرفتاری کا سرکاری ریکارڈ میں اندراج کیا جائے۔

نیب راولپنڈی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد سلیم احمد خان کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیاء کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ملزم نوازشریف جان بوجھ کرعدالتی کاروائی کا حصہ نہ بنا، اس لیے نام امیگریشن ریکارڈ میں مفرور اشتہاری کے طور پر شامل کیا جائے۔

نیب راولپنڈی کی طرف سے آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی کو بھی سابق وزیراعظم نوازشریف کے بارے میں الگ خط لکھ کر ہدایت کی گئی ہے کہ پنجاب بھر کے تھانوں میں نوازشریف کی بطور اشتہاری تصاویر چسپاں کی جائیں اور ان کی رہائشگاہ رائے ونڈ پر بھی ان کی تصویر کے ہمراہ مفرور ی کا اشتہار لگایا جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں نواز شریف کو مفرور قرار دے کر بذریعہ اشتہار طلب کیا تھا۔

عدالت نے قرار دیا کہ نوازشریف کی بذریعہ اشتہار طلبی کا تمام خرچہ وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔ عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو اشتہارات کی رقم 2 روز میں جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔

مزید خبریں :