Time 11 اکتوبر ، 2020
پاکستان

مولانا عادل کا قتل پاکستان دشمنوں کی جانب سے امن خراب کرنے کی کوشش ہے: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے معروف عالم دین مولانا عادل کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت اور اظہار افسوس کیا ہے۔ 

مہتمم جامعہ فاروقیہ مولانا عادل کے قتل پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مولانا عادل کا قتل پاکستان دشمنوں کی جانب سے امن خراب کرنے کی کوشش ہے۔ 

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مجرموں کو کٹہرے میں لانے کے لیے پاک فوج کو سول انتظامیہ کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے بھی مولانا عادل کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت پاکستان میں علماء کو قتل کرا کر شیعہ سنی فرقہ وارانہ تنازع پیدا کروانا چاہتا ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مولانا عادل کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کچھ شدت پسند شہر کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاق المدارس کے سابق سربراہ مولانا سلیم اللہ خان مرحوم کے صاحبزادے اور مہتمم جامعہ فاروقیہ مولانا ڈاکٹر عادل خان اور ان کے ڈرائیور قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق مولانا ڈاکٹر عادل خان ویگو گاڑی میں شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں موجود تھے کہ ان کی گاڑی پر مبینہ طور پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی۔

مزید خبریں :