12 ستمبر ، 2012
کراچی… کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاوٴن میں گارمنٹ فیکٹری میں لگنے والی آگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 112ہو گئی ہے۔ 71لاشیں سول اسپتال، 36لاشیں جناح اسپتال اور5لاشیں عباسی شہید اسپتال لائی گئیں ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لاشیں شناخت کے بعد لواحقین کے حوالے کی جارہی ہیں۔ موقع پر موجود چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ آگ سے متاثرہ عمارت کے کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ ہے۔17 گھنٹے سے مسلسل لگی رہنے والی آگ سے فیکٹری کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں جس سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ایم ایل او سول اسپتال کا کہنا ہے کہ 37سے زائد لاشوں کی شناخت ہو گئی جن میں سے 17 لاشیں لواحقین کے حوالے کر دی گئیں ہیں۔ چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ فیکٹری کے تہہ خانے میں اب بھی لوگ موجود ہیں ۔ فیکٹری میں دلخراش اور رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آرہے ہیں اور کئی افراد کی جھلسی ہوئی لاشیں نکال لی گئیں ہیں جبکہ مزید کی تلاش جاری ہے جن کے لواحقین موقع پر موجود ہیں۔