30 اکتوبر ، 2020
پاکستان نے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی پر سینیئر بھارتی سفارتکار کو دفترخارجہ طلب کرلیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارتی فوج کی ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پرشدید احتجاج کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ 29 اکتوبر کو لائن آف کنٹرول پربھارتی افواج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور نیزہ پیر اور رکھ چکری سیکٹر میں شہری آباد پر بلااشتعال فائرنگ کی۔
ترجمان کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 معصوم شہری زخمی ہوئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پرمسلسل گولہ باری کرکے شہری آبادی کونشانہ بنارہا ہے، اس سال بھارت نے ایل او سی پر سیزفائر معاہدے کی 2580 خلاف ورزیاں کی ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں اب تک 19 افراد شہید اور 199 شہری شدید زخمی ہوئے۔