12 ستمبر ، 2012
کراچی …مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف،عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سانحہ کراچی پیش نظرکے کل کی ہڑتال موخرکرنے کی اپیل کی ہے۔مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے سانحہ کراچی کے تناظر میں اپنے ایک بیان میں مسلم لیگی کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ کراچی میں بلدیہ ٹاؤن کی فیکٹری میں پیش آنے والے قومی سانحے کے پیش نظر نہ صرف اپنی ہڑتال موخر کردیں بلکہ کل کے دن کو بطوریوم سوگ منائیں، اور ہلاک شدگان کی مغفرت اور انکے لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعا کریں۔انھوں نے کہا کہ یہ ایک قومی سانحہ ہے اس پر اس وقت پوری قوم سوگوار ہے۔دریں اثناء عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندر یار ولی خان نے بھی کہا ہے کہ قومی سانحہ کے پیش نظر اپیل کرتا ہوں کہ کل کی ہڑتال موخر کی جائے،ملک و قوم کی سلامتی ،اتحاد و اتفاق کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے ،بلدیہ ٹاوٴن قومی سانحہ ہے، پوری پاکستانی قوم سوگ کی حالت میں ہے، اے این پی سندھ کے صدر سینٹر شاہی سید نے بھی اپنی جماعت کے رہنماؤں اور کارکنوں سے ہڑتال موخر کرنے کی اپیل کی ہے۔ادھر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ہڑتال موخر کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل کا دن سوگ کے طور پر منایا جائے ۔واضح رہے کہ جیو ٹی وی کے مقبول پروگرام آج کامران خان کے میزبان کامران خان نے موجودہ سوگوار صورتحال کے پیش نظر قومی رہنماؤں سے بلدیاتی آرڈی نینس کے خلاف انکی ہڑتال موخر کرنے کی درخواست کی تھی جس پر ان جماعتوں کے سربراہوں اور رہنماؤں نے فوری ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ہڑتال موخر کرکے یوم سوگ منانے کا اعلان کیاہے۔