13 ستمبر ، 2012
کراچی … وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے ہڑتال کی کال واپس لینے پر تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا ، ترجمان بلاول ہاوٴس کا کہنا ہے کہ بے گناہ مزدوروں کی لاشوں کے تقدس کا احترام کیا جائے جبکہ بلاول زرداری نے اپیل کی ہے کہ سانحہ کراچی، لاہور اور بارش سے متاثرہ افراد کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جائے۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بلدیہ ٹاوٴن میں فیکٹری میں لگنے والی آگ قومی سانحہ ہے، اس موقع پر ہڑتال کی کال واپس لینے پر تمام سیاسی جماعتوں کے مشکور ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پورا سندھ بارشوں سے شدید متاثر ہے، قوم پرست جماعتیں بھی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کریں۔ بلاول ہاوٴس کے ترجمان اعجاز درانی نے سانحہ کراچی پر کہا ہے کہ آج ہڑتال کا نہیں ماتم کا دن ہے، بے گناہ مزدوروں کی لاشوں کے تقدس کا احترام کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ ہڑتال نہیں، کراچی میں جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت کریں۔ دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی پی رہنماوٴں اور کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ سانحہ کراچی، لاہور اور بارش سے متاثرہ افراد اور خاندانوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جائے۔