13 ستمبر ، 2012
کراچی … بلدیاتی آرڈیننس کے خلاف سندھ بچاوٴ کمیٹی کی اپیل پر جامشورو، بدین، نوابشاہ، سکرنڈ،قاضی احمد، دولت پور اور دوڑ سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں شٹر ڈاوٴن ہڑتال کی جارہی ہے جبکہ کراچی کے کچھ حصوں میں جزوی ہڑتال ہے۔ بلدیاتی نظام کے نئے آرڈیننس کے خلاف سندھ بچاوٴ کمیٹی کی اپیل پر جامشورو ضلع میں شٹر ڈاوٴن اور پہیہ جام ہڑتال ہے جبکہ قومی شاہراہ اور انڈس ہائی وے پر ٹریفک مکمل طور پر بند ہے۔ ہڑتال کے باعث سندھ، مہران اور لیاقتی میڈیکل یونیورسٹی سمیت دیگر تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔ دوسری جانب سندھ کے دیگر شہروں نوابشاہ، سکرنڈ، قاضی احمد، دولت پور اور دوڑ ، دادو، میہڑ،بدین ، ٹنڈو باگو سمیت مختلف شہروں میں بھی شٹر ڈاوٴن ہڑتال ہے جبکہ ٹریفک بھی معطل ہے۔ سندھ بچاوٴ کمیٹی کی اپیل پر کراچی کے بھی کچھ علاقوں میں جزوی ہڑتال ہے تاہم شہر کے 90 فیصد سے زائد اسکول کھلے ہیں اور ٹریفک بھی رواں دواں ہے۔واضح رہے کہ سانحہ کراچی کے باعث بڑی سیاسی جماعتوں نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اسے موٴخر کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا تاہم قوم پرست جماعتوں نے ہڑتال ختم یا موٴخر کرنے سے انکار کردیا تھا۔