11 نومبر ، 2020
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی 10 غیر منقولہ جائیدادوں کی مالیت ساڑھے 3 کروڑ روپے ہے، تونسہ شریف میں 14 کنال کا بنگلہ، ڈی جی خان میں 4 کنال اراضی سمیت ملتان اور ڈی جی خان میں بھی زرعی اراضی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور بلوچستان اسمبلی کے ارکان کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
وزیر اعلٰی عثمان بزدار کی 10 جائیدادوں کی مالیت ساڑھے 3 کروڑ روپے ہے۔ تونسہ شریف میں 14 کنال کا رہائشی بنگلہ، ڈی جی خان میں 4 کنال اراضی، اہلیہ کی ملکیت میں 3 پراپرٹیز ہیں۔ عثمان بزدار 3 ٹریکٹر اور 2 گاڑیوں کے بھی مالک ہیں، بینک اکاؤنٹ میں 77 لاکھ روپے اور 20 تولہ سونا ہے۔
4 کروڑ 11 لاکھ روپے کیش بھی وزیراعلٰی پنجاب کے پاس موجود ہے۔
بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال کی ملک میں 72 کروڑ، 84 لاکھ روپے مالیت کی 33 جائیدادیں ہیں۔ وہ بیرون ملک 5 کروڑ روپے کی وراثت میں ملی پراپرٹی کے بھی مالک ہیں۔
جام کمال نے پاکستان میں ایک کروڑ 94 لاکھ روپے مالیت کی سرمایہ کاری کررکھی ہے، ان کے پاس 4 کروڑ 81 لاکھ روپے مالیت کی 15 گاڑیاں ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کے اثاثوں کی مالیت 41 کروڑ 47 لاکھ روپے ہے۔ وہ ملک میں 13 کروڑ 64 لاکھ روپے کی پراپرٹی کے مالک ہیں۔
سلیمان شہباز کی جانب سے دی گئی 3 کروڑ روپے کی زرعی اراضی بھی ان کی ملکیت میں ہے۔ حمزہ شہباز نے ملک میں 13 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے، بینک اکاؤنٹ میں 1 کروڑ روپے موجود ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی 6 کروڑ 94 لاکھ روپے مالیت کی 3 جائیدادوں کے مالک ہیں۔ پرویز الٰہی کا فلور مل میں 99 لاکھ روپے سرمایہ ہے، ایک کروڑ 35 لاکھ روپے غیر محفوظ قرض لے رکھا ہے۔
ان کے بینک اکاؤنٹ میں 1 کروڑ 27 لاکھ روپے ہیں، ان کی اہلیہ کے نام 9 کروڑ 31 لاکھ روپے کے اثاثے اور 21 لاکھ روپے مالیات کے زیورات ہیں۔
صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان 85 لاکھ روپے مالیت کی دو جائیدادوں کے مالک ہیں۔ فیاض الحسن چوہان اور اہلیہ کے بینک اکاؤنٹ میں 79 لاکھ روپے ہیں۔
علیم خان اور ان کی اہلیہ کے نام 15 کروڑ 92 لاکھ روپے مالیت کی پراپرٹی ہیں۔ بیٹی اور اہلیہ کے نام انگلینڈ اور یو اے ای میں 78 لاکھ روپے سرمایہ ہے۔
علیم خان اہلیہ اور بیٹی کے 11 کروڑ 77 لاکھ روپے کے اسٹاک شیئرز ہیں۔ علیم خان نے 1 ارب 21 کروڑ روپے غیر محفوظ قرضہ لے رکھا ہے۔
ان کے پاس 3 کروڑ 21 لاکھ روپے کی 3 لگژری گاڑیاں اور 65 تولہ سونا ہے۔ علیم خان کے پاس 1 کروڑ روپے کیش، بینک اکاؤنٹ میں 13 کروڑ 91 لاکھ روپے ہیں۔