14 نومبر ، 2020
کراچی: کشمور میں زیادتی کا نشانہ بننے والی 4 سالہ بچی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) کے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیر علاج ہے۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جمال رضا کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیرعلاج ہے۔
ڈائریکٹر این آئی سی ایچ کے مطابق بچی کو ابھی وینٹی لیٹر کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
گزشتہ دنوں کراچی سے ایک خاتون کو نوکری کا جھانسہ دے کر کشمور لے جایا گیا جہاں ملزمان نے خاتون اور ان کی 4 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق خاتون نے زیادتی کی تفصیلات کشمور کے تھانے میں 10 نومبر کو درج کرائی تھیں اور بتایا تھا کہ ملزمان نے 4 سالہ بچی علیشا کو اپنے قبضے میں رکھ کر اسے اس شرط پر رہا کیا کہ وہ کراچی سے ایک خاتون کو بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ لائے گی، جس پر اے ایس آئی محمد بخش ابڑو نے اپنی بیٹی سے مدد لی۔
محمد بخش ابڑو نے متاثرہ خاتون کے ساتھ اپنی بیٹی کو اس کی ساتھی بناکر ملزمان کے پاس بھیج دیا اور پھر خود پیچھے سے پولیس کی نفری لے کر پہنچ گئے اور جیسے ہی دونوں خواتین اندر گئیں تو پولیس نے پیچھے سے چھاپہ مار کر ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔