13 ستمبر ، 2012
نواکچکوٹ…افریقی ملک مالی میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے مارے جانے والے 16 مسلمان مبلغین میں سے 9 افراد ی نعشیں خصوصی طیارے کے ذریعے پڑوسی ملک موریطانیہ پہنچا دی گئیں۔ نواکچکوٹ ایئر پورٹ پر موریطانیہ کے صدر محمد عولد عبدالعزیز اور تبلیغی جماعت کے ممبران نے نعشیں وصول کیں۔ امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ ہفتہ مالی کے فوجی اہلکاروں نے مرکزی قصبہ دیابالے میں ایک چیک پوسٹ پر موریطانیہ کے 16 مبلغین اسلام کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ مالی فوج کا کہنا تھا کہ اہلکاروں نے لمبی داڑھیوں کی وجہ سے شدت پسند سمجھ کر گولی چلا دی۔ موریطانیہ کے صدر محمد عولد عبدالعزیز نے عدم تشدد کی پرچار کرنے والے اسلامی مبلغین کے قتل کو گھناؤنا جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کو درپیش سیاسی اور سیکورٹی چیلنجوں کے باعث یہ سانحہ پیش آیا۔