19 نومبر ، 2020
محمود آباد کراچی میں برساتی نالے سے تجاوزات ہٹانے والی ٹیم پر مظاہرین نے پتھراؤ کردیا جس کے بعد منظور کالونی فائر اسٹیشن کئی گھنٹے میدان جنگ بنا رہا۔
اس مڈ بھیڑ میں 2 سرکاری ملازم زخمی ہوگئے جبکہ پولیس کو فائر اسٹیشن میں پناہ لینی پڑی۔ انسداد تجاوزات کا عملہ مشینری چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
سپریم کورٹ کے حکم پر محمود آباد نالے پر قائم غیرقانونی مکانات گرانا وبال بن گیا، بلدیہ عظمیٰ کا عملہ بھاری مشینری اور پولیس کے ہمراہ موقع پر پہنچاتو کیا بڑے، کیا بچے اور کیا خواتین سب وحشیانہ احتجاج پر اُتر آئے، معاملہ حل کرنے کیلئے ڈی سی آفس میں انتظامیہ اور مکینوں کی کمیٹی کے درمیان مزاکرات ہوئے جن کی ناکامی پر علاقہ میدان جنگ بن گیا۔
سرکاری عملے نے بلوچ کالونی کے قریب واقع فائر اسٹیشن سے علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی تو علاقہ مکینوں نے بدترین پتھراؤ شروع کردیا۔
پتھر لگنے سے 2 سرکاری ملازمین زخمی ہوگئے جبکہ گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا، پولیس نے بھی راہ فرار اختیار کی اور فائر اسٹیشن میں پناہ لی جسے عوام نے گھیر لیا۔
مشتعل ہجوم نے ایکسپریس وے اور کورنگی کازوے کو بھی بلاک کر دیا،اس کے بعد ایس پی جمشید فاروق بجرانی نے اہل علاقہ سے مذاکرات کیے اور آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا۔