Time 21 نومبر ، 2020
پاکستان

کامران ٹیسوری کیخلاف ریلوے زمین پر قبضے اور غیر قانونی تعمیرات کا مقدمہ درج

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ریلوے کی زمین پر قبضہ کر کے غیر قانونی تعمیرات کرنے پر پاکستان ریلوے کے تھانے میں سابق رکن سندھ اسمبلی کامران ٹیسوری کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔

مقدمہ ریلوے کے اہلکار کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ کامران ٹیسوری نے ریلورے کی 2783 گز زمین پر قبضہ کر کے غیر قانونی تعمیرات کیں جسے روکا جائے۔

زمین پر قبضے کے مقدمے کے بعد ریلوے پولیس کی بھاری نفری نے متعلقہ زمین کو گھیرے میں لے لیا ہے، پولیس کی نفری آنسو گیس گن، اسلحہ اور ڈنڈوں سے لیس ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کی نفری کسی بھی ممکنہ مزاحمت کے پیش نظر لگائی گئی ہے جب کہ پولیس نے تعمیرات کا کام بھی رکوا دیا ہے۔

دوسری جانب کامران ٹیسوری کا مؤقف ہے کہ ان کے خلاف مقدمہ بے بنیاد ہے، آج پریس کانفرنس کر کے سارے حقائق سامنے لاؤں گا۔

کچھ روز قبل وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس میں عوام کو خبردار کیا تھا کہ اس مقام پر غیر قانونی طور پر ریلوے کی زمین پر قبضہ کر کے عمارت بنائی جا رہی ہے، شہری یہاں سرمایہ لگانے یا خریدو فروخت سے باز رہیں۔

مزید خبریں :