پاکستان
Time 28 نومبر ، 2020

برطرفیوں کے خلاف اسٹیل ملز کے ملازمین کا نیشنل ہائی وے پر دھرنا

پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین نے برطرفیوں پر حکومت کے خلاف نیشنل ہائی وے  کراچی پر احتجا ج کیا جس کے باعث  نیشنل ہائی وے پرٹریفک معطل معطل ہوگئی۔

برطرفیوں کے خلاف پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین نے اسٹیل ٹاؤن چوک پر ٹائر جلاکر احتجاجی مظاہرہ کیا اور نیشنل ہائی وے پر دھرنا دےکر بیٹھ گئے۔

مظاہرین کے احتجاج کے باعث نیشنل ہائی وے پرآنے اور جانے والی سڑک پر ٹریفک معطل ہوگئی اورگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

خیال رہےکہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کے 4 ہزار 544 ملازمین کو برطرف کردیا تھا۔

ترجمان اسٹیل ملز کے مطابق جن ملازمین کو برطرف کیاگیا ہے ان میں پے گروپ 2، 3، 4 کے ملازمین کے علاوہ جونیئر آفیسرز ،اسسٹنٹ منیجرز ، ڈویژنل منیجر، ڈی سی ای، ڈی جی ایم اور منیجرز بھی شامل ہیں،ترجمان کے مطابق ملازمین کو بذریعہ ڈاک برطرفی کے خطوط ارسال کیے گئے۔

برطرفی کی اطلاع پر گزشتہ روز اسٹیل مل کا ایک ملازم صدمے سے جاں بحق بھی ہوگیا تھا،ملازمین نے حکومت کی یقین دہانی کے باوجود برطرفیوں کو ناانصافی قرار دیا ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک پیکج کے تحت اوسطاً 23 لاکھ فی ملازم ملیں گے، جس کی زیادہ حد 70 سے 80 لاکھ بھی ہے۔

مزید خبریں :