10 فروری ، 2012
کراچی … امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے پاسبان کے تحت کراچی پریس کلب سے امریکی قونصل خانہ تک نکالی جانے والی ریلی پر پولیس نے عبد اللہ ہارون روڈ پر شیلنگ کی اورواٹر کینن کا استعمال کیا ۔ پریس کلب پر ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور اور فوزیہ صدیقی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے پریس کلب سے امریکی قونصل خانہ کی طرف مارچ کیا تو ریڈ زون میں داخلے پر پابندی کے باعث پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج، شیلنگ کی اور واٹرکینن کا استعمال کیا۔ پولیس نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی، پاسبان کے صدر الطاف شکور سمیت پاسبان کے کئی کارکنان کو حراست میں لیا تاہم گورنر سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو فوری رہا کروا کر ان کی رہائشگاہ پہنچائیں جبکہ پولیس نے بھی تمام گرفتار افراد کو رہا کر دیا ہے۔ پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کے باعث ایک گھنٹے تک عبد اللہ ہارون روڈ میدان جنگ بنا رہا اور صدر، آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف کے علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہو گیا۔