30 نومبر ، 2020
کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے کراچی پورٹ ٹرسٹ میں بابر غوری کے دور میں بھرتی کیے گئے ملازمین کی برطرفی کا نوٹس کالعدم قرار دے دیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے سابق وزیر بابر غوری کے دور میں غیرقانونی بھرتیوں کے معاملے کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے ملازمین کی برطرفی کے خلاف درخواستیں منظور کرلیں اور 1200 ملازمین کی برطرفی کا نوٹس کالعدم قرار دے دیا۔
وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ جون 2012 سے مارچ 2013 کے دوران 1200 ملازمین کو بھرتی کیا گیا تھا اور 2016 میں تمام ملازمین کو مستقل کردیا گیا تھا، ملازمین کو ضابطے کے مطابق ملازمت دی گئی اور قانون کے مطابق مستقل کیا گیا لیکن ملازمین کو سیاسی بھرتی کا الزام لگا کر برطرفی کا نوٹس دیا گیا۔
عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں ملازمین کی برطرفی کو غیر قانونی قرار دیا۔