09 دسمبر ، 2020
لاہور: پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے میں ساؤنڈ سسٹم فراہم کرنے کی حامی بھرنے والے وینڈر ڈی جے بٹ کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈی جے بٹ کو ماڈل ٹاؤن میں واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔
ڈی جے بٹ کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ حکومت کے شر سے وہ لوگ بھی محفوظ نہیں جن کے ان پر احسانات ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہی ڈی جے بٹ کے ان کے جلسے سجانے پر کتنے احسانات ہیں، عمران خان کا مقابلہ ٹینٹ سروس والوں اور ڈی جے بٹ سے ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ڈی جے بٹ کے علاوہ اور بھی بہت سے وینڈر ہیں، جلسہ کسی صورت نہیں رکے گا۔
خیال رہے کہ حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) نے 13 دسمبر کو لاہور کے مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔
چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ہم اپوزیشن کو جلسے کے لیے نہیں روکیں گے لیکن جلسہ منتظمین اور انہیں کیٹرنگ سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کریں گے۔