Time 11 دسمبر ، 2020
پاکستان

مشیروں اور معاونین سے متعلق عدالتی فیصلے پر حکومتی حکمت عملی

فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عدالت کی جانب سے مشیروں کی وزارتی کمیٹیوں کی سربراہی غیر قانونی قرار دینے کے مسئلے کا توڑ نکال لیا۔

وفاقی حکومت نے مشیروں کی وزارتی کمیٹیوں کی سربراہی غیر قانونی قرار دینے کے عدالتی حکم کے بعد قانونی مشیروں کے مشورے سے ڈاکٹر حفیظ شیخ کی مشیر سے ترقی کردی اور انہیں وزیر خزانہ مقرر کردیا۔

اعلیٰ سطح ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر خزانہ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد ڈاکٹر حفیظ شیخ اب ای سی سی سمیت کابینہ کی 3 بین الوزارتی کمیٹیوں کی سربراہی کرسکیں گے جب کہ ساتھ ہی دیگر 7 کابینہ کمیٹیوں میں بطور رکن شرکت کرسکیں گے۔

 وزیراعظم آئینی حق استعمال کرتے ہوئے غیرمنتخب شخص کو 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر بنا سکتے ہیں اور وزیراعظم نے حفیظ شیخ کو رولز آف بزنس کے مطابق وفاقی وزیر بنایا ہے لیکن انہیں ذمہ داری جاری رکھنے کے لیے آئندہ 6 ماہ میں ایم این اے یا سینیٹر منتخب ہونا ضروری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیر اعظم نے حفیظ شیخ سے ریونیو اور ایف بی آر کا قلمدان واپس لے لیا جو کہ اہم ترین عہدہ سمجھا جاتا ہے۔

 ذرائع کے مطابق حفیظ شیخ کے بطور مشیر کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد اب امکان ہےکہ وزیراعظم نئے مشیر ریونیو  اور ایف بی آرکا تقررکردیں کیونکہ وزیراعظم ایک وقت میں 5 مشیر رکھ سکتے ہیں اور اس وقت ایک مشیر کاعہدہ خالی ہے۔

مزید خبریں :