پاکستان
17 ستمبر ، 2012

کراچی: گھگھر پھاٹک پر 2 ٹرینیں ٹکرا گئیں، کئی مسافر زخمی، ہلاکتوں کا خدشہ

کراچی: گھگھر پھاٹک پر 2 ٹرینیں ٹکرا گئیں، کئی مسافر زخمی، ہلاکتوں کا خدشہ

کراچی … کراچی میں بن قاسم اسٹیشن کے قریب 2 مسافر ٹرینیں ٹکرا گئیں، متعدد افراد زخمی ہوگئے، ڈی ایس ریلوے نے حادثے کی تصدیق کردی ہے جبکہ حادثے میں ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔ ٹرین کے ایک مسافر کے مطابق گھگھر پھاٹک پر ملت ایکسپریس سگنل کلیئر ہونے کے انتظار میں کھڑی تھی کہ شالیمار ایکسپریس پیچھے سے آکر ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، جبکہ حادثے میں ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔ مسافر کامران نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ٹرین ٹکرانے کی آواز انتہائی شدید تھی، ہم سمجھے کہ بم سے حملہ ہوگیا ہے، حادثے میں زخمی افراد کو ٹرین سے نکالا جارہا ہے۔ نمائندہ جیو نیوز کامران رضی کے مطابق ڈی ایس ریلوے نے کراچی سے تقریباً 50 کلو میٹر دور پیش آنے والے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملت ایکسپریس ڈاوٴن ٹریک پر تھی ، شالیمار ایکسپریس نے پیچھے سے ملت ایکسپریس کو ٹکر ماری۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ملت ایکسپریس کی 2، 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئی ہیں، ریلیف ٹرین اور ریسکیو عملہ حادثے کے مقام پر روانہ کردیا گیا ہے۔امدادی ٹیمیں حادثے کے مقام پر روانہ کردی گئی ہیں جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :