17 ستمبر ، 2012
کراچی … بن قاسم ٹاوٴن اسٹیشن کے قریب شالیمار ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کی ٹکر میں ریلوے ملازم جاں بحق ہوگیا جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ ڈی ایس ریلوے کراچی امجدرضوی کے مطابق کراچی سے 50 کلو میٹر دور گھگھر پھاٹک کے قریب شالیمار ایکسپریس نے ملت ایکسپریس کو پیچھے سے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ملت ایکسپریس کی 2 بوگیاں تباہ اور ایک پٹری سے اتر گئی جبکہ شالیمار ایکسپریس کا انجن حادثے میں تباہ ہوگیا۔ ڈی ایس ریلوے کراچی کے مطابق ملت ایکسپریس ملتان سے کراچی اور شالیمار ایکسپریس لاہور سے کراچی آرہی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرین حادثہ ڈوٴان ٹریک پر ہوا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹرین حادثے میں ایک ریلوے ملازم جاں بحق اور 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ بوگی میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے، بوگی کو کاٹنے کیلئے ہیوی مشینری طلب کرلی گئی ہے۔ دوسری جانب وزیر صحت سندھ ڈاکٹر صغیر احمد نے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے تمام ڈاکٹروں کو اسپتالوں میں طلب کرلیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے بعد ٹرین سروس معطل کردی گئی ہے۔ ایم ایل او جنا ح اسپتال کے مطابق ٹرین حادثے کے 3 زخمیوں کو جناح اسپتال لایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اندھیرے اور دشوار راستے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اسسٹنٹ ڈرائیور ریلوے نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں شالیمار ایکسپریس کا ڈرائیور اور عملے کا ایک شخص زخمی ہوا ہے جبکہ تمام مسافر محفوظ رہے ہیں۔