دنیا
17 ستمبر ، 2012

ٹیکساس: پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم’ اپنا ‘کے زیراہتمام سالانہ عشائیہ

ٹیکساس: پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم’ اپنا ‘کے زیراہتمام سالانہ عشائیہ

ڈیلس ٹیکساس (راجہ زاہد خانزادہ نمائندہ جنگ، جیو نیوز) امریکہ میں مقیم پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی بڑی نمائندہ تنظیم ایسوسی ایشن آف پاکستان ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ (اپنا) نارتھ ٹیکساس چیپٹر کے سالانہ عشائیہ کی تقریب یہاں امریکہ کے شہر ڈیلس کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی جس میں پاکستانی ڈاکٹروں، شہر کی مقتدر شخصیات اور ان کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اس موقع پر اپنانارتھ ٹیکساس کے صدر ڈاکٹر حسن ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اپنا کی جانب سے امریکہ میں مقیم کمیونٹی اور پاکستان میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے خدمات کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ اس طرح بیرون ملک رہ کر بھی پاکستانی ڈاکٹر ملک و قوم اور کمیونٹی کے لئے بے بہا خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر خصوصی لیکچر دیتے ہوئے امریکہ میں ہیلتھ کیئر کے معروف ماہر جیری اسٹاک نے کہاکہ 2020 تک دنیا بھر میں صحت سے متعلق شعبوں میں بہت زیادہ مانگ برقرار رہے گی۔ لہٰذا سرمایہ کاروں کو چاہئے کہ وہ اس شعبہ میں مزید سرکاری کریں۔ اس موقع پر اپنا نارتھ ٹیکساس الائنز کی صدر سلمہ ہاشمی نے تمام مسلمانوں سے اظہار تشکر کیا اس موقع پر کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے جات میں بھرپور خدمات کے اعتراف میں مقامی میڈیا کے نمائندوں اور مقتدر شخصیات میں ایوارڈ بھی تقسیم کئے گئے۔ جنگ گروپ کے راجہ زاہد خانزادہ، فن ایشیا کے شارق حامد، ہاٹ پیپر ریڈیو کے پرویز ملک اور سیما ملک کے علاوہ معروف فزیشن ڈاکٹر حق نواز، ڈاکٹر حسن بخاری کو ایوارڈ دیئے گئے۔ تقریب سے سندھ کے سابق گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ر) رحمن گل کے صاحبزادے اور مشہور ماہر امراض سرطان ڈاکٹر گل نے اسلامی تعلیمات سے متعلق خصوصی لیکچر دیا۔ اس موقع پر اپنا کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین سابقہ موجودہ اور آنے والے اپنا کے عہدیداران جس میں ڈاکٹر حسن ہاشمی، ڈاکٹر داؤد نثار، زیم نواز، ڈاکٹر محمد عامر، ڈاکٹر خان محمود، سلمہ ہاشمی، عائشہ جلیل، ثمینہ عطا، میمونہ فاروق کی خدمات کو بھی سراہاگیا۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اپنا نارتھ ڈیکساس کے زیراہتمام کئی فلاحی منصوبوں کے کام پر وہ انتہائی خوش ہیں جبکہ عیدالفطر سے قبل امریکہ میں جس طرح مستحق افراد میں تحائف کی تقسیم کی گئی جبکہ مرکزی طور پر جس طرح پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں فلاحی منصوبے جاری ہیں اس سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ پاکستانی ڈاکٹر وطن سے دور رہ کر بھی ملک اور ملک کے لوگوں کے لئے خدمت کا بھرپور جذبہ رکتھے ہیں جوکہ قابل تعریف اقدام ہے۔ پروگرام کے آخر میں ایک محفل موسیقی کا بھی اہتمام کیاگیا جس میں انڈین آئیڈل کے معروف گلوکاروں اوم کار، دیش پانڈے، پریا اور مقامی فنکاروں ہارون اور فرزانہ ہاشمی نے اپنے بھرپور فن کا مظاہرہ کیا اور اس موقع پر کئی پاکستانی ملی نغمے بھی گائے گئے جس پر سامعین نے فنکاوں کو بھرپور داد دی اس طرح یہ پروگرام رات گئے تک جاری رہا۔

مزید خبریں :