Time 18 دسمبر ، 2020
پاکستان

بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ

بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا ہے تاہم اس میں موجود مبصر محفوظ رہے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر چری کوٹ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے جان بوجھ کر اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا، گاڑی میں اقوام متحدہ کے دو مبصرین موجود تھے، جو پولاس گاؤں متاثرین سے ملنے جا رہے تھے۔

دونوں مبصرین محفوظ رہے، دونوں کو پاک فوج نے بحفاظت راولاکوٹ منتقل کیا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے اقوام متحدہ کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ بات نوٹ کی جانی چاہیے کہ اقوام متحدہ کی گاڑیاں واضح طور پر دور سے بھی پہچانی جاتی ہیں۔ بھارت کی ایسی غیرقانونی کارروائیاں تمام طے شدہ بین الاقوامی اقدار کے خلاف ہیں۔

مزید خبریں :