پاکستان
Time 19 دسمبر ، 2020

سویابین بردار جہاز کے باعث کیماڑی میں پھر زہریلی گیس پھیلی؟

متعدد افراد کے متاثر ہونے کی خبروں پر چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے سویابین بردار جہاز کا دورہ کیا اور صورتحال تسلی بخش قرار دی— فوٹو: فائل

کراچی میں سویابین بردار جہاز کے باعث کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے متعدد افراد کے متاثر ہونے کی خبروں پر چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے سویابین بردار جہاز کا دورہ کیا اور صورتحال تسلی بخش قرار دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسپتال میں صرف 3 افراد لائے گئے جوکہ سانس کی بیماری کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔

کے پی ٹی حکام کے مطابق کیماڑی میں زہریلی گیس کے پھیلنے کی افواہوں پر چیئرمین کے پی ٹی نے سویا بین بردار جہاز کا دورہ کیا۔

دورہ کے دوران ان کے ہمراہ جنرل منیجر آپریشنز بھی تھے۔ اس دوران سویابین بردار جہاز کے باعث سانس لینے میں کوئی دشواری نہیں ہوئی جبکہ سویا بین بردار جہاز کے سلسے میں تمام احتیاطی تدابیر کا خیال رکھا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج کی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

کیماڑی کے علاقے میں تمام حالات نارمل ہیں۔ تین افراد ضیا الدین اسپتال لائے گئے تھے جوکہ سانس کی بیماری کے مریض تھے۔

متاثرہ افراد کو موسم کی وجہ سے سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوا تھا،تینوں افراد کو فوری طبی امداد دینے کے بعد گھر بھجوادیا گیاتھا۔

مزید خبریں :