18 ستمبر ، 2012
استنبول…ترکی میں بیروزگاری کی شرح دس سال کی کم ترین سطح پر آ گئی، 3 ماہ کے دوران 3 لاکھ 11 ہزار افراد کو روزگار حاصل ہوا ہے۔ ترکی کے محکمہ شماریات کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ماہ مئی تا جولائی کے دوران ملک میں بیروزگاری کی شرح 9.2 فیصد تھی جو کم ہو کر 8 فیصد تک آ گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 3 ماہ کے دوران 3 لاکھ 11 ہزار افراد کو روزگار حاصل ہوا جبکہ بیروزگاروں کی تعداد کم ہو کر 22 لاکھ 26 ہزار رہ گئی ہے۔ محکمہ شماریات کے مطابق عالمی کساد بازاری کے باوجود ترکی کی اقتصادی صورتحال انتہائی شاندار رہی تاہم بیروزگاری کا مسئلہ اب بھی ترک حکومت کیلئے ایک چیلنج ے کیونکہ ساڑھے 7 کروڑ آبادی والے اس ملک میں ہر سال ہزاروں نوجوان اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد عملی زندگی میں قدم رکھ رہے ہیں۔