Time 30 دسمبر ، 2020
پاکستان

پیپلز پارٹی اور وفاق کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کے درمیان برف پگھلنے لگی

پیپلزپارٹی کے تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں سے رابطوں میں تیزی آگئی۔

سندھ کی حکومتی جماعت پیپلز پارٹی اور وفاق کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کے درمیان برف پگھلنے لگی۔

دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی ایم کیو ایم کے مرکز  پر ملاقات ہوئی۔ کل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے اعلان کے بعد پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان سے رابطہ کرلیا۔

پیپلزپارٹی کا وفد سینٹر تاج حیدر کی قیادت میں ایم کیو ایم کے بہادر آباد مرکز پہنچا۔ فیصل سبزواری اور خواجہ اظہار الحسن نے وفد کا استقبال کیا۔

پیپلزپارٹی کے وفد میں صوبائی وزیر سعید غنی، مرتضیٰ وہاب، وقارمہدی و دیگر شامل تھے، مردم شماری پر تحفظات اور اس سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

ایک گھنٹے سے زائد ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے رہنما ایم کیو ایم فیصل سبزواری نے کہا کہ وفاقی حکومت میں شمولیت کیلئے تحریک انصاف سے معاہدے میں پہلی شرط مردم شماری ہی تھی۔ انہوں نے وزیر اوعلیٰ سندھ کو یہ معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھانے کا بھی مشورہ دے دیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر نے کہا کہ اگر آگے بڑھنا ہے تو عوام کے مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے ہی آگے بڑھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم ہمارے سینے سے لگے تو بہت خوشی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہا ایم کیو ایم سے میڈیکل کالجز کے داخلوں میں طلبہ سے ہونے والی زیادتی پر بھی بات ہوئے ہے۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی عوامی معاملات پر رابطے جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

مزید خبریں :