پاکستان
Time 30 دسمبر ، 2020

ایل او سی: بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کا جوان شہید

— فوٹو: آئی ایس پی آر

بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کھوئی رٹہ سیکٹر میں فائرنگ  کے تبادلے میں جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ایل او سی کے کھوئی رٹہ سیکٹرپر بھارتی فوج نے سیزفائرکی خلاف ورزی کی جس پر پاک فوج  نے بھرپور جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوابی کارروائی  میں بھارتی فوج کے بھاری جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات ہیں جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی فضل الٰہی شہید ہوگیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی فوج نے کوٹ کوٹیرہ سیکٹر پر بھی جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں پھالنی بازار میں ایک شہری شدید زخمی ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج نے فائرنگ کرنے والی بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جس میں بھارتی  فوج کے نقصان کی اطلاع ہے۔

دوسری جانب پاک فوج نے ہاٹ اسپرنگ سیکٹر میں پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈرون جاسوس مار گرایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی ڈرون پاکستانی سرحد سے 100 میٹر اندر آیا تھا جس پربھارت کی اشتعال انگیز کارروائیوں کا بھرپور جواب دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ رواں سال پاکستان نے بھارت کے 16 ڈرونزمار گرائے ہیں۔

مزید خبریں :