اداکار زاہد احمد کے ساتھ 'ازدواجی سفر' سے متعلق اہلیہ کا پیغام

فائل:فوٹو

پاکستانی شوبز کے سب سے بڑے لکس اسٹائل ایوارڈز 2020 میں بہترین کریٹک اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے پر  زاہد احمد کی اہلیہ آمنہ زاہد نے شوہر کے نام محبت بھرا پیغام جاری کیا ہے۔

 مقبول فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر زاہد احمد کی کامیابی اور ازدواجی زندگی سے متعلق  آمنہ ز اہد نے طویل پوسٹ شیئر کی۔

آمنہ زاہد نے اداکار زاہد احمد کی لکس ایوارڈ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارا سفر  بہت سے اہم واقعات سے بھرپور رہا ہے جس میں کچھ نقصان،کچھ درد لیکن غیر معمولی اسباق، کچھ جدوجہد،کچھ غلطیاں لیکن بہت زیادہ ایمانداری شامل ہے۔

اداکار کی اہلیہ آمنہ زاہد  نے لکھا کہ کچھ برا اور تنہا وقت گزرا لیکن بہت سے حیرت انگیز دوست اور فائدہ مند کیریئر ملا بس ہمیں خدا کی قوت پر یقین کو مضبوط کرنا ہوتا ہے۔

آمنہ زاہد کا کہنا ہے کہ زاہد آج بطور اداکار اور ایک فرد کی حیثیت سے جہاں ہیں میں اللہ کی شکر گزار ہوں، اس کے طریقے واقعی جادوئی ہیں وہ ہر مشکل کے ساتھ آسانی رکھتا ہے ہم خوش قسمت تھے کہ ہم مشکلات میں آسانی کو پا سکے۔

اداکار کی اہلیہ کہتی ہیں کہ میں واقعی زندگی میں آپ کو پانے پر بے حد خوش ہوں اور حقیقت میں آپ کی کامیابیوں پر فخر ہے۔

آمنہ زاہد نے اپنے انسٹاگرام پیغام میں زاہد احمد کے ایمان میں مضبوطی اور کیریئر پر توجہ مرکوز کرنے کے حوالے سے دعا بھی کی۔

پوسٹ کے آخر میں آمنہ زاہد نے اپنے لیے دعا کرتے ہوئے مزید لکھا کہ  اب میں آپ کے لیے صرف یہی دعا کرتی ہوں کہ آپ واٹس ایپ میسیجز کا رپلائی دینا شروع کر دیں۔

مزید خبریں :