06 جنوری ، 2021
کراچی کے مختلف علاقوں میں جاری احتجاجی دھرنوں ،سڑکوں کی بندش اور موسم کی خرابی کی وجہ سے بدھ کو کراچی سے روانہ والی 9 پروازیں منسوخ اور دیگر کا شیڈول بری طرح سے متاثر ہوا ہے۔
جناح انٹرنشنل ائیرپورٹ کے ذرائع کے مطابق بدھ کو کراچی سے جانے والی پی آئی اے سمیت غیر ملکی اور نجی ائیرلائنز کی پروازوں کی روانگی شدید متاثر ہوئیں۔ امارات ائیرلائن کی کراچی سے دبئی کی پروازیں ای کے 605 , ای کے 609 اور ای کے 603 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
پی آئی اے کی لاہور پی کے 306 ، ملتان کی 330 اور فیصل آباد کی پی کے 340 منسوخ ہوئیں۔ سعودی ائیر کی ایس وی 705 اور ایس وی 701 منسوخ ہوئیں۔
سیرین ائیر کی کراچی سے لاہور کی پرواز ای آر 522 بھی منسوخ کی گئی۔ ائیرپورٹ حکام کے مطابق کچھ پروازیں خراب موسم کی وجہ سے بھی منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوئیں۔
اب تک 14 پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی ہے۔ نجی ائیر لائن سیرین ائیر کے کراچی ائیرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں راستوں کی بندش کی وجہ سے مسافر اور ائیرلائن عملے کو ائیرپورٹ پہنچنے میں مشکلات درپیش ہیں۔ ائیرلائن کا فضائی عملہ اور مسافروں کے تاخیر سے پہنچنے پر پروازیں تاخیر کا شکار ہورہی ہیں۔
پی آئی اے ترجمان نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ فلائٹ انکوائری سے اپنی پرواز کی معلومات حاصل کرکے ائیرپورٹ کیلئے روانہ ہوں۔