آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ کیلیے عالمی معیار کی کنسلٹنٹس حاصل کرنے کا فیصلہ

فوٹو: فائل

وفاقی وزارت آئی ٹی نے آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ کے نظام کے قیام کے لیے عالمی سطح کی کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے جیو نیوز کے نمائندہ خصوصی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ انتخابات میں ووٹنگ کے نظام کے قیام کے لیے الیکشن کمیشن کی درخواست پر عالمی سطح کی کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صدر پاکستان کی زیر صدارت ملک میں ووٹنگ کے شفاف نظام وضع کرنے کے لیے کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کے اجلاس میں الیکشن کمیشن کی درخواست پر ای ووٹنگ کے نظام کے قیام کے لیے عالمی سطح پر کنسلٹنٹس ہائر کرنے کا عمل شروع کرنے کے لیے قومی اخبارات میں اشتہارات دیے گیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس کمیٹی کے اجلاس میں وزیر پارلیمانی امور، وزارت آئی ٹی کے وزیر اور نادرا سمیت الیکشن کمیشن کے سربراہ شریک ہوئے تھے، اجلاس میں الیکشن کمیشن نے وزارت آئی ٹی سے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی درخواست کی تھی تاکہ ای ووٹنگ کا نظام وضع کیا جا سکے۔

امین الحق نے بتایا کہ عالمی معیار کے کنسلٹنٹ ہائر کر کے ان کی خدمات الیکشن کمیشن کو دی جائیں گی، الیکشن کمیشن کنسلٹنٹس کے ہمراہ تمام سیاسی جماعتوں سے ووٹنگ کے نظام پر مشاورت کرے گا۔

اس معاملے پر الیکشن کمشن کی بجائے موجودہ حکومتی مداخلت کے سوال پر وزیرآئی ٹی امین الحق نے کہا کہ ای ووٹنگ کے نظام کے قیام میں مداخلت کے حوالے سے وزارت آئی ٹی کا براہ راست کوئی عمل دخل نہیں ہو گا تاہم اداروں کی تکنیکی معاونت فراہم کرنا تمام وزارتوں کی ذمہ داری ہے۔

مزید خبریں :