10 جنوری ، 2021
وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کو فائر ٹینڈرز اور واٹر باؤزر دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ میں فائر ٹینڈرز اور واٹر باؤزر دینے کی تقریب ہوئی جس گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر اسد عمر اور علی زیدی سمیت پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی موجود تھے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے فائر ٹینڈرز کے ایم سی کو دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ٹینڈرز فائر ڈپارٹمنٹ کے حوالے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں فائر ٹینڈرز کی شکایت اب دور ہوجائے گی، وفاقی حکومت کی جانب سے 50 فائر ٹینڈرز اور دو واٹر ٹینکر دیے گئے ہیں۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ چین سے درآمد کیے گئے فائر ٹینڈرز جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں، صنعتی ایسوسی ایشن کو 2، 2 فائر ٹینڈرز دیے جائیں گے جبکہ دو فائر ٹینڈرز سیلانی اور چھپا کو بھی دیے جائیں گے جبکہ تین سال تک مینٹیننس وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔
وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ اگر فائر ٹینڈرز کے ایم سی کو دیے تو ٹائر بھی نہیں ملیں گے۔
تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ کے فور کو وفاق آگے لےکر جائے گا، واپڈا نے کام شروع کردیا ہے جبکہ گرین لائن پر جون میں ایک جدید ٹرانسپورٹ نظام شروع ہوجائے گا۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا کہ گرین لائن بسوں کا ٹینڈر جاری کردیا گیا ہے، کراچی کو اب وقتاً فوقتاً خوشخبریاں ملتی رہیں گی۔