Time 15 جنوری ، 2021
پاکستان

پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین کے تحفظات پر ’پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل‘ تیار

فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان نے سوشل میڈیا  صارفین کے تحفظات پر پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل تیار کرلیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ صارفین کے تحفظات پر پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل تیار کیا گیا ہے اور اسے قانونی شکل دےکر کابینہ کو فوری بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے بل میں تمام بین الاقوامی قواعد اور سوشل میڈیا کمپنیوں کی پالیسیوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی سید امین الحق نے جیو نیوز سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل کو قانونی شکل دینے کے لیے وزارت قانون کو بھجوا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بل میں پرائیویسی اور معاشی تسلسل کو برقرار رکھنے کے نکات شامل کر رہے ہیں، بل کا واحد مقصد پاکستانی صارفین کا تحفظ اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی کا کہنا تھاکہ ڈیٹا پروٹیکشن بل کی تیاری میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور تجاویز شامل کی ہیں، ڈیٹا پروٹیکشن کی پالیسی کا بنیادی عنصر انفرادی صارف ہے، اس میں بزنس کنزیومر ابھی شامل نہیں ہے۔

امین الحق نے بتایا کہ پاکستان میں سوشل میڈیا قواعد بھی لاگو کر دیے گئے ہیں، نئے قوانین کے تحت تمام عالمی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پاکستان میں رابطہ آفس قائم کرنے کے پابند ہیں اور حکومت عالمی سوشل میڈیا پلیٹ فارنز کے جواب کی منتظر ہے۔

مزید خبریں :