21 ستمبر ، 2012
تہران…ایران کے جوہری ادارے کے سربراہ فریدون عباسی نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل اور امریکہ نے ایران کے ایٹمی اثاثوں پر حملہ کیا تو ا س کی ذمہ داری عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی (آئی اے ای اے) پر ہوگی۔ غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے فریدون عباسی نے کہا کہ ہم نے اپنے ایٹمی اثاثوں کے حوالے سے عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی کو کچھ معلومات فراہم کرکے درخواست کی تھی کہ ان معلومات کو ظاہر نہ کیا جائے اور نہ ہی کسی کے ساتھ شیئر کیا جائے۔ تاہم وہ ساری معلومات اقوام متحدہ کے سربراہ برائے جوہری معاملات یاکیہ امانو نے آئی اے ای اے کی جنرل اسمبلی میں پیش کردیں۔ فریدون عباسی نے کہا کہ آئی اے ای اے نے ہماری درخواست کو نظر انداز کر دیا۔ اب وہ معلومات ہر جگہ پہنچ چکی ہیں اس لئے اگر اسرائیل یا امریکہ نے ایران کے ایٹمی اثاثہ جات پر حملہ کیا تو یہ فوجی کارروائی دہشتگردی ہوگی اور اس کی ساری ذمہ داری آئی ای اے پر ہوگی۔