کھیل
Time 21 جنوری ، 2021

پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم اولمپک میڈل جیتنے کیلئے پرعزم

پاکستانی‏ ایتھلیٹ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ اگر انہوں نے ٹو کیو اولمپکس میں اپنی بہترین پرفارمنس دی تو جیولین تھرو میں میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

خیال رہے کہ‏ ارشد ندیم واحد پاکستانی ایتھلیٹ ہیں جنہوں نے اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کیا ہے، وہ ان دنوں پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں کوچ فیاض بخاری کی نگرانی میں بھرپور ٹریننگ میں مصروف ہیں ۔

‏ ارشد ندیم کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال کی تحصیل میاں چنوں کے ایک گاؤں سے ہے، سہولیات کی عدم دستیابی اور نامساعد حالات کے باوجود ارشد ندیم اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر اب اس مقام پر پہنچ چکے ہیں کہ انہوں نے اولمپکس میں میڈل کو اپنا ہدف بنالیا ہے اور کہا یہی جا رہا ہے کہ ارشد ندیم اولمپکس میں تاریخ رقم کر سکتے ہیں۔

‏ ارشد ندیم نے ٹریننگ کے موقع پر جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ میں ان دنوں دو سیشنز میں ٹریننگ کر رہا ہوں، صبح کا سیشن ڈیڑھ گھنٹے کا ہوتا ہے جب کہ سہہ پہر میں تین گھنٹے ٹریننگ کرتا ہوں، اسکل ورک ، اسپیڈ ورک اور تھرو پر فوکس کر رہا ہوں۔

‏ ارشد ندیم نے بتایا کہ کہ اس وقت ٹارگٹ یہی ہے کہ اولمپکس میں میڈل جیتنا ہے اور اس کے لیے محنت کر رہا ہوں، میں نے ساؤتھ ایشین گیمز میں 86٫29 میٹر کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا  جب کہ اولمپکس میں 85 اور 90 کے درمیان تھرو کرنے والے میڈل جیت جاتے ہیں ، میری کوشش ہے کہ تین چار فٹ کا جو فرق ہے وہ محنت سے ختم کروں ، میں اگر اپنا بہترین کرنے میں کامیاب ہو گیا تو پاکستان کے لیے میڈل نکالنے میں کامیاب ہو جاؤں گا ۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس ایک برس ملتوی ہونے سے تیاری کا زیادہ موقع مل گیا ہے لیکن اب میں سمجھتا ہوں کہ مقابلے وقت پر ہوں ۔

‏ارشد ندیم جلد ٹریننگ کے لیے قازقستان جائیں گے ، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل ریٹائرڈ اکرم ساہی اور پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بہت تعاون کیا ہے ،خواہش ہے کہ حکومت بھی میرے جیسے نوجوانوں پر توجہ دے تاکہ وپ پاکستان کے لیے میڈلز لاسکیں ۔

مزید خبریں :