21 ستمبر ، 2012
کراچی … گستاخانہ امریکی فلم کیخلاف کراچی میں مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، مظاہرین پی آئی ڈی سی سے امریکی قونصل خانے کی جانب روانہ ہوگئے جبکہ مختلف علاقوں میں فائرنگ اور جھڑپوں میں پولیس اہلکار سمیت 9 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے، دوسری جانب پی آئی ڈی سی، صدر، ایم اے جناح روڈ سمیت مختلف علاقوں میں مشتعل افراد کی جانب سے احتجاج کی آڑ میں جلاوٴ گھیراوٴ کیا جارہا ہے، 5 سنیماوٴں، متعدد بینکوں، سرکاری عمارتوں، پولیس موبائلوں سمیت کئی گاڑیوں کو بھی آگ لگادی ہے۔ گستاخانہ امریکی فلم کیخلاف کراچی میں بھی احتجاج کیا جارہا ہے، اسپتال انتظامیہ کے مطابق مختلف علاقوں میں فائرنگ اور جھڑپوں کے دوران پولیس اہلکار سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ 80 سے زائد زخمی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مشتعل افراد کی جانب سے سول اسپتال کی ایمرجنسی میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ بھی کی گئی جس کے بعد ڈاکٹروں نے کام بند کردیا جبکہ مشتعل مظاہرین کی ٹاور کے قریب نجی بینک میں توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی۔ دوسری جانب پولیس کی ایم اے جناح روڈ پر مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ کی گئی جس کے بعد مشتعل افراد پیچھے ہٹنا شروع ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق پی آئی ڈی سی پر مشتعل مظاہرین کی جانب سے احتجاج کی آڑ میں لوٹ مار اور جلاوٴ گھیراوٴ کا سلسلہ جاری ہے، مشتعل افراد نے پی آئی ڈی سی پر 3 بینکوں سمیت کئی عمارتوں میں توڑ پھوڑ کے بعد لوٹ مار کی ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں مشتعل مظاہرین نے 5 سنیماوٴں، 3 بینکوں اور کئی گاڑیوں کو آگ لگادی۔ مشتعل مظاہرین پی آئی ڈی سی سے امریکی قونصل خانے کی جانب روانہ ہوگئے جبکہ وزیراعلیٰ ہاوٴس کے سامنے 3 پولیس موبائلوں کو آگ لگادی گئی، پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ جیو نیوز کے نمائندہ کامران رضی کے مطابق بڑی تعداد میں مشتعل افراد نے پی آئی ڈی سی پر پولیس چوکی کو بھی آگ لگادی گئی جبکہ فائیو اسٹار ہوٹل کے شاپنگ ایریا میں بھی توڑ پھوڑکی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل سوار ڈھاٹے باندھے ہوئے مشتعل نوجوان علاقے میں موجود ہیں۔