11 فروری ، 2012
کراچی… متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان میں درجنوں سیاسی جماعتیں موجود ہیں لیکن اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ صاف وشفاف اور بے داغ لو گ متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت اختیارکررہے ہیں جبکہ داغداراورغلاظت سے آلودہ لوگ داغدارجماعتوں میں جارہے ہیں، انشاء اللہ ایک دن آئے گا جب پوری دنیا دیکھ لے گی کہ بے داغ لوگ صرف متحدہ میں موجود ہیں، انہوں نے ملک بھر کے حق پرست عوام سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں اور ایم کیوایم میں شامل ہوکر پاکستان اور اس کے عوام کو بچائیں ۔ انہوں نے تاجروصنعتکار فیر وز عالم لاری ، عثمان علی ، صادق محمداور ریحان ذیشان سے ٹیلی فون پر انہیں ایم کیوایم میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی ،اس موقع پر صنعتکار میاں محمد عتیق اور بانٹوا کمیونٹی کے چیئرمین عبدالعزیز بانٹوا بھی موجود تھے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ آج پاکستان انتہائی نازک دور سے گزررہا ہے ، صوبہ بلوچستان علیحدگی کے دہانے پر کھڑا ہے ،تمام محب وطن پاکستانیوں کو سوچنا ، سمجھنا اورفیصلہ کرناچاہئے کہ وہ پاکستان کی ڈوبتی ہوئی کشتی کا تماشا دیکھتے رہیں گے یا اسے بچانے کی کوشش کریں گے ۔انہوں نے شمولیت اختیارکرنے والوں سے مزید کہاکہ آپ کے سامنے کئی آپشن موجود تھے، آپ اپنے وقتی فائدے اور مفادات کیلئے بہتی گنگا میں ہاتھ دھوسکتے تھے لیکن آپ نے اپنے ظرف وضمیر کی آوازپر سچا اور حق پرستی کا راستہ اختیار کیا ہے۔حق پرستی کا راستہ ان لوگوں کا راستہ ہے جنہوں نے اپنے گھر مٹاکر اور 20 لاکھ جانوں کی قربانیاں دیکر نیا گھر پاکستان تعمیر کیا۔ انہوں نے تاجروں اور صنعتکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے اپنے ظرف اور ضمیر کے مطابق حق پرستی کا راستہ چنا۔ انہوں نے ایم کیوایم میں شمولیت اختیار کرنے والے تاجروں سے کہاکہ آپ لوگوں نے بہت جراتمندانہ فیصلہ کیا ہے جس پر میں آپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے حق پرست تاجروں اور صنعتکاروں سے کہاکہ آپ پاکستان کو بچانے، ملک کے گلے سڑے فرسودہ نظام اور اسٹیٹس کو، کوتوڑنے اور ملک کے کچلے ہوئے عوام کی خدمت کرنے کیلئے بھرپور طریقے سے اپنی صلاحیتیں بروئے کارلاکر ملک وقوم کی خدمت کریں ۔ پاکستان کے گلے سڑے جاگیردارانہ نظام اور اسٹیٹس کو کوتبدیل کرکے ملک میں مثبت ، روشن خیال اور جمہوری مملکت کے قیام کیلئے جدوجہد کرکے قائد اعظم محمد علی جناح ، خان لیاقت علی خان شہید اور شاعرمشرق علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر کوعملی جامہ پہنائیں۔ انہوں نے محنت ولگن اور ایمانداری سے کام کرنے والے ملک بھر کے حق پرست عوام سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں اور ایم کیوایم میں شامل ہوکر پاکستان اور اس کے عوام کو بچائیں ۔