Time 25 جنوری ، 2021
پاکستان

کراچی: انسانی فضلے سے سبزیاں اگانے کا معاملہ، حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب

فائل فوٹو

کراچی: کورنگی اور ملیر میں انسانی فضلے سے سبزیاں اگانے کے خلاف درخواست کی سماعت پر سندھ ہائیکورٹ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کورنگی اور فوڈ اتھارٹی حکام کو علاقے کا دورہ کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

کورنگی اور ملیر میں انسانی فضلے سے سبزیاں اگانے کے خلاف درخواست کی سماعت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کورنگی اور فوڈاتھارٹی حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ 

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کورنگی نے عدالت کو بتایا کہ اب وہاں سبزیاں نہیں اگائی جارہیں، چند ماہ قبل مون سون کا سیزن گزرا ہے اور مون سون کے بعد ممکن نہیں کہ سبزی اگائی جائے۔

فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا تھا کہ 21 جنوری کو سبزیوں کے نمونے لیبارٹری بھجوادیے تھے۔

اس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اتنی تاخیر سے نمونے لیبارٹری کیوں بھجوائے؟ لگتا ہے آپ کی دلچسپی نہیں ہے، کتنی سبزیوں سے متعلق کتنے روز میں لیبارٹری کی رپورٹ ملے گی؟ 

فوڈ اتھارٹی حکام نے بتایا کہ رپورٹ دس سے بارہ روز میں موصول ہو جائے، دوران سماعت درخواست گزار کی جانب سے ناظر سے رپورٹ طلب کرنے کی استدعا کی گئی۔

عدالت نے کہا کہ یہ ناظر کا کام نہیں ہے حتمی رپورٹ آنے دیں۔

عدالت نے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 17 فروری تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :