28 جنوری ، 2021
نیو کراچی میں گیس لائن میں گیس کی جگہ پانی آنے کے معاملے پر شہری کی درخواست پر کنزیومر پروٹیکشن عدالت نے سوئی سدرن گیس کمپنی پر مجموعی طور پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
شہری عمر حسین نے مؤقف اختیار کیا 2018 سے کنیکشن میں گیس کی جگہ پانی آرہا ہے، متعدد بار شکایات بھی کی لیکن ازالہ کچھ نہ ہوا، مجبوری میں گیس سلینڈر لیا، جس سے خطرے کے ساتھ مالی نقصان بھی ہو رہا ہے۔
درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ ایس ایس جی سی انتظامیہ مکمل طور پر لاپرواہ ہے، انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے ذہنی دباؤ اور پریشانی کا شکار رہا، گیس کمپنی پر جرمانہ عائد کیا جائے۔
اس پر جوڈیشل مجسٹریٹ جاوید علی کوریجو نے کہا کہ متعدد شہری ایسے معاملات کو جھیل رہے ہیں، عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں جرمانہ دو لاکھ ہوجائیگا۔
عدالت نے فیصلے کی کاپی اوگرا کو بھی بھیجنے کا حکم دیہ دیا۔ شہری عمیر حسین نے ایس ایس جی سی کے خلاف صارف عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔
خیال رہے کہ ایسے واقعات کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی دیکھنے میں آئے ہیں۔