03 فروری ، 2021
قومی کرکٹر شاداب خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم پنڈی ٹیسٹ میں بھی اچھا پرفارم کرے گی اور ٹیسٹ جیت کر سیریز اپنے نام کرے گی۔
شاداب خان دورہ نیوزی لینڈ میں فٹنس مسائل سے دوچار ہو ئے تھے اور اسی وجہ سے وہ ان دنوں ری ہیب مکمل کر رہے ہیں اور پاکستان اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ ٹیم میں نہ ہونے سے فرسٹریشن تو ہوتی ہے لیکن جو چیز میرے ہاتھ میں نہیں ہے میں اس کی ٹینشن نہیں لیتا، فٹنس یا انجری میرے ہاتھ میں نہیں البتہ ضرور جلد ٹیم کا حصہ ہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں نہیں کھیل پا رہا تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ٹیم اچھا نہیں کھیل رہی، پاکستان ٹیم اس وقت بہت اچھا کھیل رہی ہے، ٹیم نے کراچی ٹیسٹ میں بھی فائٹ کی اور کامیابی حاصل کی، ہم پنڈی ٹیسٹ جیتیں گے اور سیریز بھی اپنے نام کریں گے۔
پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہو ئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ پی ایس ایل میں کراؤڈ نہ ہوا تو اسے مس کریں گے کیونکہ فینز بڑی تعداد میں اسٹیڈیمز آتے ہیں اور وہ کھلاڑیوں کو اسپورٹ کرتے ہیں جس سے حوصلہ افزائی ہو تی ہے، ہمیں امید ہے کہ فینز کو اسٹیڈیمز میں آنے کی اجازت ملے گی اور وہ ہمیں اسپورٹ کریں گے۔
قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ حسن علی کی ہمیں اپنی ٹیم میں ضرورت تھی اس لیے انہیں اسلام آباد یونائیٹڈ میں لیا، ہم دوست سب ایک جگہ ا کٹھے ہو گئے ہیں، یہ اپنی جگہ درست بات ہے لیکن سب سے بڑھ کر یہ چیز ہے کہ حسن علی اچھا پرفارم کرتے ہو ئے آرہے ہیں، وہ اسی طرح پرفارم کریں گے اور ہمیں پی ایس ایل کا چیمپئین بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔