Time 03 فروری ، 2021
کھیل

قومی ٹیم کو پنڈی ٹیسٹ میں مشکل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، سلیم ملک

راولپنڈی ٹیسٹ کی وکٹ اپنے فائدے کیلئے بنانا ہو گی، ان دنوں جیسا موسم ہے بولروں کو سوئنگ ملے گی، سابق کپتان— فوٹو: سہیل عمران

‏پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے خبر دار کیا ہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کو  جنوبی افریقا کے خلاف مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

‏پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کل سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ ٹیسٹ سیریز میں میزبان ٹیم ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم ملک کا کہنا ہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم کو مشکل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اگر ماضی کی طرح راولپنڈی کی وکٹ ہوئی تو پھر پاکستان ٹیم کیلئے دشواری ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ کی وکٹ اپنے فائدے کیلئے  بنانا ہو گی، ان دنوں جیسا موسم ہے بولروں کو سوئنگ ملے گی جبکہ بولرز تو ہمارے کامیاب ہو جائیں گے لیکن بلے بازوں کو مشکل ہو گی، اس لیے راولپنڈی ٹیسٹ میں بیٹسمینوں پر کام کرنا پڑے گا۔

سلیم ملک کا کہنا تھاکہ پاکستان ٹیم خوش قسمت تھی جو کراچی ٹیسٹ میچ جیت گئی، اگر مہمان ٹیم کی ایک اور پارٹنر شپ لمبی ہوتی تو پاکستان ٹیم کو مشکل ہوتی۔

ان کا کہنا تھاکہ میں سمجھتا ہوں کہ کراچی ٹیسٹ میں وکٹ اچھی نہیں بنائی گئی تھی، سیریز میں ہوم ایڈوانٹیج لینا چاہیے۔

مزید خبریں :