23 ستمبر ، 2012
پالی کیلے … ورلڈ ٹی 20 کے گروپ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 13 رنز سے شکست دے دی، نیوزی لینڈ کی ٹیم 178 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 164 رنز بناسکی، سعید اجمل نے 4 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ سری لنکا کے شہر پالی کیلے میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی 20 کے گروپ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 178رنز کا ہدف دیا۔ نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 53 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اس کے بعد پاکستانی اسپنرز سعید اجمل، محمد حفیظ اور شاہد آفریدی کی نپی تلی بولنگ کے باعث نیوزی لینڈ کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ ملا اور ساتھ ہی ان کی وکٹیں بھی گرتی رہیں، شاہد آفریدی نے روب نکول کو 33 رنز پر آوٴٹ کرکے نیوزی لینڈ کو پہلا نقصان پہنچایا ، 54 کے مجموعی اسکور پر دوسرے اوپننگ بیٹسمین کین ولیم سن بھی رن آوٴٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے انہوں نے 15 رنز بنائے ، برینڈن میک کولم کو 32 رنز پر عمر گل نے بولڈ کیا تو پاکستان کی امیدیں مزید روشن ہوگئیں، بعد میں آنے والے کیوی بیٹسمینوں نے پاکستانی بولرز کے سامنے مزاحمت کی۔ برینڈن ٹیلر26، ڈینیئل ویٹوری 18 ، جیمز فرینکلن 13 اور جیکب اورم 11 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے ۔ پاکستانی اسٹار اسپنر سعید اجمل نے 30 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا، شاہد آفریدی ، عمر گل اور سہیل تنویر نے ایک ایک وکٹ لی، کپتان محمد حفیظ نے 4 اوورز میں محض 15 رنز دیئے تاہم کوئی وکٹ نہ لے سکے۔ اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 177 رنز بنائے، ناصر جمشید نے 35 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، محمد حفیظ نے 38 گیندوں پر 43، عمران نذیر نے 25 ، عمر اکمل 23 رنز کر دیگر نمایاں بیٹسمین رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساوٴتھی اور جیکب اورم نے 2، 2 وکٹیں لی۔ ناصر جمشید کو شاندار نصف سنچری پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔