Time 04 فروری ، 2021
کھیل

پی ایس ایل میں ٹیم کو فتح دلانا ہدف ہے: کپتان لاہور قلندرز

فوٹو: جیونیوز

‏پاکستان سپر لیگ کی سب سے متحرک اور مقبول ترین فرنچائز لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا ہے کہ ان کا ہدف ہے کہ  پی ایس ایل میں ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کریں۔

‏سہیل اختر ان دنوں ابوظبی میں جاری ٹی ٹین لیگ میں قلندرز کی بھی قیادت کر رہے ہیں اور اپنے کیرئیر کی بھرپور فارم میں ہیں، وہ اس سیزن میں لیگ میں 200 رنز کا سنگ میل حاصل کرنے والے پہلے بیٹسمین ہیں، انہوں نے اب تک 5 اننگز کھیلی ہیں اور ایک ہی بار آؤٹ ہوئے ہیں۔

‏ سہیل اختر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ لاہور قلندرز کے سی ای او ثمین رانا اور ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے ہر صورتحال میں اعتماد دیا اور یہی کہا کہ مجھ سے اچھا کوئی کھلاڑی نہیں ، ان کے اس اعتماد نے ہمیشہ بڑا حوصلہ دیا، میں مثبت سوچ کے ساتھ کھیلتا ہوں اور اسی وجہ سے کامیابی ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے کیرئیر میں ہمیشہ پانچویں یا چھٹے نمبر پر کھیلا ہوں لیکن مینجمنٹ مجھے ٹاپ آرڈر میں کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتی ہے اور اس کے لیے میں نے ہائی پرفارمنس سینٹر میں بڑی ٹریننگ کی ہے، اب میں ٹاپ آرڈر میں ہی کھیل رہا ہوں اور کامیابی مل رہی ہے، ٹارگٹ یہی ہے کہ میں اپنی فارم کو برقرار رکھوں اور پی ایس ایل میں بھی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کروں۔

 کپتان سہیل اختر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل پاکستان کا بہت بڑا برانڈ ہے،  مسلسل دوسرا ایڈیشن مکمل طور پر پاکستان میں ہونے جا رہا ہے،  وقت کم رہ گیا ہے اور  شدت سے پی ایس ایل کے شروع ہونے کا منتظر ہوں۔

‏ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز میں سینئر اور جونیئر کا اچھا کمبی نیشن بنا ہوا ہے،  امید ہے کہ لاہور قلندرز اسی طرح کھیلے گی جیسے گزشتہ ایڈیشن میں پرفارم کیا تھا۔

‏نوجوان فاسٹ بولر احمد دانیال ٹی ٹین کے بعد پی ایس ایل میں بھی لاہور قلندرز کی نمائندگی کریں گے۔

ان سے متعلق کپتان سہیل اختر کا کہنا ہے کہ احمد دانیال غیر معمولی صلاحیتوں کا مالک محنتی بولر ہے، وہ  دوسال سے ہمارے ساتھ کام کر رہے ہیں اور ضرور پی ایس ایل میں بھی اچھا پرفارم کریں گے۔

مزید خبریں :