18 فروری ، 2021
پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) سے رضاکارانہ طورپر ریٹائرمنٹ لینے والے ملازمین سراپا احتجاج بن گئے، کہتے ہیں کہ رضاکارانہ اسکیم کے تحت پی آئی اے سے الگ ہونا مہنگا پڑ گیا، اب نہ تنخواہیں مل رہی ہیں نہ واجبات، میڈیکل کی سہولت بھی ختم کر دی گئی۔
پی آئی اے سے رضاکارانہ اسکیم کے تحت الگ ہونے والے ملازمین نے لاہورپریس کلب کے باہر احتجاج کیا اور ٹریفک بلاک کردی، پوسٹرز اٹھائے مرد و خواتین ملازمین نےحکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی رضاکارانہ اسکیم کے جھانسےمیں آگئے، اب رُل رہے ہیں، تنخواہیں، واجبات اور میڈیکل سہولت سمیت کچھ بھی نہیں مل رہا۔
مظاہرین نےبتایاکہ نوبت فاقوں تک آگئی ہے، مطالبات منظور نہ ہوئے تو 2ہزار ملازمین اور اہلِ خانہ ڈی چوک اسلام آباد جائیں گے، وہ چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتےہیں۔
اُدھر پی آئی اے حکام کاکہنا ہے کہ واجبات کی ادائیگیاں آڈٹ رپورٹ آنےکےبعد کی جائیں گی۔