19 فروری ، 2021
اس مرتبہ بلوچستان سے 12 سینیٹرز ریٹائر ہو رہے ہیں جن میں سے چار کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی اور دو دو اراکین سینیٹ کا تعلق نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سے ہے جب کہ مسلم لیگ ن، بلوچستان نیشنل پارٹی ، جے یو آئی ف اور ایک آزاد رکن سینیٹ بھی اپنی مدت پوری کرکے سینیٹ کو خیر باد کہہ دیں گے۔
بلوچستان سے ریٹائر ہونے والے چار سینیٹر دوبارہ انتخابی دنگل میں اتر رہے ہیں جن میں منظور کاکٹر ،سرفراز بگٹی ،مولانا عبدالغفوری حیدری اور محمد عثمان خان کاکٹر دوبارہ سینیٹر بننے کے لیے میدان میں ہیں۔
بلوچستان سے اپنی 6 سالہ مدت پوری کرنے کے بعدریٹائر ہونے والے سینیٹرز میں بلوچستان عوامی پارٹی کے منظور کاکڑ ،سرفراز احمد بگٹی ،محمد خالد بزنجو اور نصرت شاہین شامل ہیں۔
بی اے پی کے منظور احمد کاکڑ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سردار اعظم خان موسی خیل کی وفات سے خالی ہونے والی نشست پر جب کہ محمد خالد بزنجو ، نیشنل پارٹی کے میر حاصل بزنجو اور نصرت شاہین بی اے پی کی محترمہ کلثوم پروین کی خالی نشست پر کامیاب ہوئے تھے۔
رواں سال6 سال کی مدت پوری کرکے ریٹائر ہونے والوں میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمد عثمان خان کاکٹر اور گل بشری ،نیشنل پارٹی کے میر کبیر محمد شہی اور اشوک کمار ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر جہاں زیب جمالدینی، پاکستان مسلم لیگ ن کے شاہزیب درانی، جمعیت علما اسلام ف کے مولانا عبدالغفور حیدری اورسینیٹ میں ایک آزاد رکن محمد یوسف بادینی شامل ہیں۔