25 ستمبر ، 2012
پالی کیلے،سری لنکا…عالمی ٹی 20کپ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 8وکٹ سے ہراکر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔اب پاکستان کا مقابلہ 28ستمبر کو جنوبی افریقہ سے ،30ستمبر کو بھارت اور 2اکتوبر کو آسٹریلیا سے ہوگا۔اس سے قبل بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 176رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم پاکستان نے مطلوبہ ہدف178رنز 18.4اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔پاکستان کی جانب سے اوپننگ بیٹسمین عمران نذیر نے صرف 36گیندوں پر 72کی انتہائی جارحانہ اننگز تراش کر شائقین کے دل موہ لیے۔جبکہ کپتان محمد حفیظ 45،ناصرجمشید 29 ناٹ آؤٹ اور کامران اکمل 22ناٹ آؤٹ دیگر قابل ذکر بیٹسمین تھے۔بنگلہ دیش کی جانب سے صرف ابوالحسن ہی دو وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے، اور پوری پاکستانی اننگز کے دوران بنگلہ دیشی بولروں اور فیلڈروں کی درگت بنی رہی،اور وہ بے بسی کی تصویر بنے نظر آئے۔