20 فروری ، 2021
کراچی کی احتساب عدالت نے فشریز میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس میں نثار مورائی، سلطان قمر صدیقی، عمران افضل اور شوکت حسین کو سزا جبکہ دیگر 4 ملزمان کو عدم شواہد پر بری کردیا۔
احتساب عدالت کے فیصلے کے مطابق نثار مورائی کو 11سال قید اورایک کروڑ پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی جبکہ دیگر ملزمان سلطان قمر صدیقی، عمران افضل اور شوکت حسین کو 7، 7سال قید اور ایک ایک کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
عدالت نے فیصلے میں چار ملزمان گل منیر، ابوبکر، ریاض عمران اور عبدالسعید کو عدم شواہد کی بنا پر بری کردیا۔
سزا پانے والے ملزمان نے غیر قانونی طور پر 380 بھرتیاں کی تھی اور ملزمان نے فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی میں بھرتیاں کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔
سزا سننے کے بعد نثار مورائی نے احاطہ عدالت میں سیاسی نعرے لگائے اور غیررسمی گفتگو میں کہا کہ جیل ہمارا دوسرا گھر ہے، ہم گھبرانے والے نہیں ہیں، سزا غریب لوگوں کو نوکریاں دینے پرملی ہے۔