26 فروری ، 2021
نینشل ہائی پرفارمنس سینٹر کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے آل راؤنڈر فہیم اشرف کی بیٹنگ میں تسلسل کے ساتھ کارکردگی کی وجہ بتا دی۔
محمد یوسف کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد فہیم اشرف ہمارے پاس نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں آئے اور ہم نے ان کے کھیلنے کی تکنیک کا بغور جائزہ لیا۔
ان کا کہنا تھا فہیم اشرف کو وہی مشکل پیش آ رہی تھی جن پر بنیادی کام کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، ان میں توازن، شاٹس کھیلنے کے لیے آگے وزن منتقل کرنا اور بال پھینکے جانے کا انتظار کرنا شامل ہیں۔
محمد یوسف نے بتایا کہ فہیم اشرف بہت جلد شاٹس کھیلنے کے لیے آگے نکل آتے تھے اور جب بال پھینکی جاتی تھی تو اس کے مطابق انہیں کھیلنے کے لیے خود کو ایڈجسٹ کرنے اور پھر پیچھے جانے میں مشکل ہوتی تھی اور وہ رک جاتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ فہیم اشرف کے ساتھ ان تینوں چیزوں پر کام کیا، ہم نے اس پر کام کیا کہ وہ بال پھینکے جانے کا انتظار کریں اور پھر اس کے مطابق شاٹس کھیلنے کے لیے آگے نکلیں۔
محمد یوسف کہتے ہیں کہ فہیم اشرف کے کھڑے ہونے کے توازن اور باہر نکل کر کھیلنے کے لیے وزن آگے منتقل کرنے پر بھی انہیں سمجھایا، بیٹنگ میں بہتری اور اس میں تسلسل کا کریڈٹ فہیم اشرف کو جاتا ہے، فہیم اشرف نے بڑی محنت کی، انہیں جو بتایا گیا اس پر انہوں نے عمل کیا، وہ کامیاب ہوئے اور اس کا فائدہ ٹیم کو ہو رہا ہے۔
محمد یوسف کا کہنا تھا فہیم اشرف نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کام کرنے کے بعد دورہ نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ سیریز کے دوران عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز میں بھی انہوں نے شاندار کارکردگی دکھائی۔