Time 27 فروری ، 2021
پاکستان

سینیٹ الیکشن: کے پی میں پی ڈی ایم اور جماعت اسلامی میں معاملات طے پاگئے

خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن سے متعلق پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم)  کے دیگر جماعتوں سے معاملات طے پاگئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق جماعت اسلامی بھی سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن جماعتوں کو سپورٹ کرےگی۔

پیپلز پارٹی کے پی کے صوبائی صدر ہمایوں خان کی رہائش گاہ پرپی ڈی ایم اور جماعت اسلامی کے وفد کی ملاقات ہوئی۔

اجلاس میں مسلم لیگ ن کے عباس آفریدی اور میاں عالمگیر شاہ بھی شریک ہوئے۔پیپلز پارٹی کے فرحت اللہ بابر، محمد علی شاہ باچا ، احمد کریم کنڈی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

جے یو آئی سے مولانا لطف الرحمان اور محمود احمد بیٹنی بھی شریک ہوئے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سردار حسین بابک اور حاجی ہدایت اللہ خان بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر کے پی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عنایت اللہ نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں جماعت اسلامی اپوزیشن کے امیدواروں کو ووٹ دے گی۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن ، جے یو آئی  اور اے این پی امیدوار جنرل نشستوں پر انتخابات لڑیں گے، پیپلز پارٹی ٹیکنوکریٹ ، جماعت اسلامی خواتین کی نشست پر سینٹ الیکشن لڑے گی۔

اپوزیشن جماعتیں خیبرپختونخوا میں سنیٹ انتخابات میں پانچوں نشستیں جیتنے کیلئےپرُامیدہیں۔

مزید خبریں :